ممبئی سے بڑی تعداد میں مزدوروں کی وطن واپسی شروع ، مزدوروں کو ستا رہا ہے اس بات کا ڈر
ممبئی اور مہاراشٹر میں کورونا کا قہر جاری ہے ۔ سخت پاپندیوں اور ہفتہ میں دو دن سخت لاک ڈاؤن کے سبب پریشان مزدور ایک بار پھر اپنے وطن لوٹنے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔ ممبئی سے دوسری ریاستوں میں جانے والے مزدوروں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے ۔
ممبئی : ممبئی اور مہاراشٹر میں کورونا کا قہر جاری ہے ۔ سخت پاپندیوں اور ہفتہ میں دو دن سخت لاک ڈاؤن کے سبب پریشان مزدور ایک بار پھر اپنے وطن لوٹنے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔ ممبئی سے دوسری ریاستوں میں جانے والے مزدوروں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے ۔ مزدوروں کو یہ ڈر ستانے لگا ہے کہ لاک ڈاؤن لاگو ہوگیا ، تو اس صورت میں یہاں رہنا مشکل ہو جائے گا ۔ تصویر اور رپورٹ : وسیم انصاری ۔
اتر پردیش، بہار، جھار کھنڈ اور بنگال کی جانب جانے والی ٹرینوں میں نقل مکانی کرنے والے مزدوروں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے ۔ مزدوروں کا کہنا ہے کہ جس طرح کورونا کا قہر بڑھ رہا ہے ، اس کو دیکھ کر یہ کہا جاسکتا کہ حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں اور کام کرنا مشکل ہو جائے گا ۔ اس پہلے اگر اپنے وطن واپس ہو جاتے ہیں تو بہتر ہوگا ۔
جبکہ کچھ مزدوروں کا کہنا ہے کہ ان کے مالکوں نے کہہ دیا ہے کہ کام نہیں ہے ، اس لئے وہ اپنے وطن لوٹ جائیں ۔
پلیٹ فارم پر بھیڑ کود یکھتے ہوئے سینٹرل ریلوے نے فیصلہ کیا کہ کرلا ٹرمنس، کلیان، تھانے، دادر، پنویل ، سی ایس ٹی اسٹیشن پر پلیٹ فارم ٹکٹ بند کردیا جائے گا تاکہ مسافر وں کے علاوہ کوئی اور اسٹیشن پر نہ آسکے ۔
واضح رہے کہ طویل مسافتی ٹرینوں میں اچانک بھیڑ کی وجہ اترپردیش کے پنچایت الیکشن کو بتایا جارہا ہے ۔ اتر پردیش میں 14 اپریل سے 28 اپریل تک چار مرحلوں میں پنچایت الیکشن ہونے والے ہیں ۔
بتایا جارہا ہے کہ بڑی تعداد میں لوک اپنے امیدوار کو ووٹ دینے کیلئے گاؤں جانا چاہتے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ یوپی اور بہار کی جانب جانے والی سبھی ٹرینوں میں ویٹنگ لسٹ بڑھ گئی ہے ۔




